بھٹکل:یکم نومبر(ایس اؤ نیوز ) انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے بی کام، بی ایس سی اور بی اے کے طلبا نے کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کی جانب سے منعقدہ ڈگری فائنل کے امتحانات میں بہترین نتائج درج کرتےہوئے شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔شعبہ کامرس میں 95 فی صد،شعبہ آرٹس میں 89فی صداور شعبہ سائنس میں 82.35فی صد نتائج درج ہوئے ہیں۔
شعبہ کامرس (بی کام)کی جانب سے کل 75طلبا میں سے71طلبا کامیاب ہوکر کالج نتائج کی مجموعی شرح 95فی صد ہوئی ہے۔ ان میں سے 47طلبا امتیازی ، 16فرسٹ کلاس اور 8سکینڈ کلاس میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کالج کی سطح پر بی کام فائنل کے متعلم محی الدین اصباح ابن ابومحمد کھروری نے7مضامین سے 6مضامین میں 100 میں 100 مارکس حاصل کرتے ہوئے شاندار کامیابی درج کی ہے۔ بالجملہ ان کی کامیابی کے نتائج کی شرح 99.14فی صد ریکارڈ کی گئی ہے جس کے ساتھ ہی وہ بھٹکل میں اول مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، امیدکی جارہی ہے کہ انہیں یونیورسٹی کی سطح پر بھی بہترین رینک حاصل ہوگا۔ 92.85فی صد نتائج کے ساتھ محمد راحیف ابن محمد تاج الدین سارا دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ محمد ریحان ابن عبدالرحیم نے 91.57فی صد کے ساتھ تیسرامقام حاصل کیا ہے۔ بی کام نتائج کی خاص بات یہ رہی کہ محی الدین اصباح نے 6مضامین میں، محمد راحیف اور محمد ریحان نے 2مضامین میں اور محمد افراز ابن محمد انصار مومن، محمد اظہر ابن محمد اکرام سعدا اور سید عطاء اللہ ابن سید ضیاء اللہ نے ایک مضمون میں 100میں 100نمبرات حاصل کئے ہیں۔
شعبہ آرٹس(بی اے )امتحان میں شریک 26طلباو طالبات میں سے 23طلبا کامیاب ہوئے ہیں اس طرح شعبہ آرٹس کے نتائج کی مجموعی شرح 89فی صددرج کی گئی ہے۔ ان میں 19امتیازی اور 4فرسٹ کلاس سے کامیاب ہوئے ہیں۔ بی اے فائنل کی طالبہ پوجا پرکاش نائک نے 90.50فی صد نمبرات کے ساتھ کالج کی سطح پر اول مقام حاصل کیا ہے تو وسنتی انپا نائک نے 88فی صد کے ساتھ دوسرا اور پِرِیا منجوناتھ سوبومنے نے87.25فی صد کے ساتھ تیسرا مقام پایا ہے۔
شعبہ سائنس (بی ایس سی) میں 17میں سے 14طلبا و طالبات کامیاب ہوئےہیں جب کہ شعبہ کی مجموعی کامیابی کی شرح 83فی صد درج کی گئی ہے۔شعبہ کی جانب سے شمیکا بنت نثار احمد ہیگڈے نے 92.90فی صد کے ساتھ کالج کی سطح پر اول ، عائشہ بنت عظیم الدین عرفان 87.81فی صد کے ساتھ دوم اور روپا ناگراج آچاریہ 86.18فی صد کے ساتھ تیسرامقام حاصل کیا ہے۔
امتحانات میں کامیاب ہونےو الے بالخصوص نمایاں نمبرات سے کامیابی درج کرنے والے سبھی طلبا وطالبات کو انجمن حامئی مسلمین کے صدر ایڈوکیٹ قاضیامحمد مزمل ، جنرل سکریٹری اسماعیل صدیق، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، کالج بورڈ سکریٹری ڈاکٹر ایس ایم محمد سلیم، پرنسپل پروفیسر مشتاق شیخ سمیت انجمن انتظامیہ کے عہدیداران، اراکین، اساتذہ ، غیر تدریسی عملہ وغیرہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔